اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے، کراچی کو روشنیوں کا شہر بنائیں گے،مرتضیٰ وہاب

اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے، کراچی کو روشنیوں کا شہر بنائیں گے،مرتضیٰ وہاب
کیپشن: Murtaza Wahab will not cry for authority, will make Karachi a city of lights

ایک نیوز: نومنتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کا مقصد صرف بلاتفریقی سیاست ہے۔ شہریوں کی خدمت کریں گے، اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے اور کراچی کو ایک مرتبہ پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نومنتخب میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے مزار قائد پر حاضری دی۔ ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد اور پیپلز پارٹی کے تمام یو سی چیئرمینز، ٹاؤن چیئرمینز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے بانی پاکستان کے مزار پر فاتح خوانی اور دعا کی۔ انہوں نے ملکی سلامتی، معاشی ترقی کے لیے دعا کی۔ 

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کل تاریخی واقعہ پیش آیا۔ کراچی کی کنجی کراچی کے وارثوں کے حوالے کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری کے شکر گزار ہیں کہ مصروفیت کے باوجود تقریب میں آئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک ہی پیغام ہے بلاتفریق سیاست کرنی ہے۔ اس کے لیے وفاق صوبائی اور لوکل گورنمنٹ کو مل کر شہر کی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔ کل شام سے شہر کی ترقی کا سفر شروع ہوچکا ہے۔ پیپلز پارٹی کے جیالے ہر جگہ پہنچیں گے اور شہریوں کی خدمت کریں گے۔

میئر کراچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔ تنقید کا جواب کام سے دیں گے۔ بدقسمتی یہ ہے کہ کچھ لوگ یہ سوچتے ہیں کہ یہ سب اچھے کام ان کے علاوہ کوئی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ جوبھی کریں گے بلاول بھٹوکی ہدایت پرکریں گے۔ ماضی میں اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے۔ وسائل کی شفاف منتقلی کویقینی بنائیں گے۔