ایک نیوز: چیف سلیکٹر ہارون رشید نے سری لنکا کیخلاف پاکستانی ٹیم کی سلیکشن کو چیلنج قرار دیدیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہےکہ ٹیم کا انتخاب کرتے ہوئے حریف اور کنڈیشنز کو پیش نظر رکھا جاتا ہے،ہم کپتان اور ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت سے کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہیں۔ سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز کیلئے متوازن اسکواڈ منتخب کیا گیا ہے۔ پاکستانی بیٹنگ لائن مضبوط ہے، ہمیں صرف بابر اعظم پر انحصار نہیں کرنا، محمد رضوان، شان مسعود، امام الحق،سعود شکیل، عبداللہ شفیق ہر قسم کی کنڈیشنز میں رنز بنانے کی اہلیت رکھتے ہیں،سب کو اپنا کردار نبھاناہے۔
ہارون رشید نے کہا کہ نوجوان محمد حریرہ نے خود کو سلیکشن کا اہل ثابت کیا، سب کو ایک ساتھ نہیں آزمایا جاسکتا ہے۔ ہاروں رشید نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کوورلڈکپ سے پہلے جتنی کرکٹ کھیلنے کو ملے بہتر ہوگا۔ میگا ایونٹ میں مکمل فٹ اور ردھم میں بولنگ کرنے والے پیسر نمایاں فرق ثابت ہوسکتے ہیں۔ہمیں حسن علی کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، نسیم شاہ نے غیرمعمولی کارکردگی سے خود کو ہر طرز کی کرکٹ میں منوایاہے، عامر جمال پیس بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی اچھا پرفارم کر سکتے ہیں۔
چیف سلیکٹر کا کہنا ہےکہ ہمارے پاس نعمان علی،محمد نواز اور ابرار کے صورت میں کوالٹی اسپن اٹیک بھی موجود ہے، اگرپلان کے مطابق پرفارم کریں تو ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا کو ہراسکتے ہیں۔فیوچر ٹورز پروگرام میں کم ٹیسٹ میچز میسر ہیں اگر تعداد بڑھ جائے تو پاکستان ٹیم کی کارکردگی کا گراف مزید اونچا جاسکتاہے۔ ایشیا کپ اور ورلڈکپ کیلئے ایسا کمبی نیشن ترتیب دیں گے جو فائنل تک پہنچ سکے۔