ایک نیوز: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بی سی سی آئی نے پی سی بی کی ورلڈکپ وینیوز میں تبدیلی کی درخواست مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے ڈیٹا کی بنیاد پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ چنئی میں افغانستان اور بنگلور میں آسٹریلیا کیخلاف ورلڈکپ میچ کا وینیو تبدیل کیا جائے۔ افغانستان سے میچ بنگلور اور آسٹریلیا کیخلاف چنئی میں رکھا جائے۔
پاکستان نے موقف اپنایا ہے کہ چنئی کی پچ اسپنرز کیلیے سازگار ہوگی جہاں افغان سلوبولرز مشکلات پیدا کریں گے،اس لیے کینگروز سے میچ وہاں شیڈول کردیا جائے۔پی سی بی نے احمد آباد میں بھارت کے خلاف میچ میں شرکت حکومتی اجازت سے مشروط کی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بیٹنگ یا باؤلنگ کو سپورٹ کرنے والی پچز کا اعتراض مضبوط وجہ نہیں ہے اور آئی سی سی نے مجوزہ وینیوز میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ شیڈول اور وینیوز پر ممبر ممالک کی رائے جاننا پروٹوکول کاحصہ ہے۔ سیکیورٹی ایشوزکی بیناد پر ہی تبدیلی ممکن ہوتی ہے،بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2016 میں بھی ایسا ہوچکا ہے۔آئی سی سی نے ابھی تک ورلڈکپ شیڈول کا باضابطہ اعلان نہیں کیا، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے گزشتہ دنوں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ورلڈکپ میں شرکت کا فیصلہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں کریں گے۔