ایک نیوز: پاکستان نے تاحال چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے معاہدے پر دستخط نہیں کیے۔ آئی سی سی کی جانب سے ارسال کردہ دستاویز پر سینئر وکلا کے مشورے پر کئی اعتراضات اٹھا دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو ملی ہے، مقابلوں کا انعقاد فروری ،مارچ میں ہوگا۔ آئی سی سی نے کچھ عرصے قبل پی سی بی کو میزبانی کا معاہدہ بھیجا تھا۔ ایسی دستاویزات فوری دستخط کر کے واپس بھیج دی جاتی ہیں لیکن اس بار ایسا نہیں ہوا،پاکستانی بورڈ نے بعض بڑے وکلا کو معاہدہ دکھایا اور پھر چند اعتراض لگا کر آئی سی سی کو خط بھیج دیا کہ پہلے انھیں دور کریں پھر سائن کریں گے۔
گذشتہ ماہ کے اواخر میں کونسل کے چیئرمین گریگ بارکلے اور سی ای او جیف ایلرڈائس کے دورہ پاکستان کی بڑی وجہ بھی چیمپئنز ٹرافی کا معاہدہ تھی۔ پی سی بی نےآگاہ کیا کہ وہ اب مکمل طور پر آئی سی سی سے ملنے والی رقم پر انحصار نہیں کرتے بلکہ پی ایس ایل وغیرہ سے بھی اچھی آمدنی ہو جاتی ہے۔پہلے خط کا جواب دیں پھر دیکھیں گے، اس کے بعد خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوتی رہی۔
پاکستان کو خدشہ بھارتی ٹیم کے نہ آنے کا ہے، کونسل سے پوچھا گیا کہ اس صورت میں کیا ہوگا؟براڈ کاسٹ و دیگر آمدنی پر کیا اثر پڑے گا؟نقصانات کا ازالہ کیسے کیا جائے گا؟ آئی سی سی نے اس کا کوئی تحریری جواب نہ دیا البتہ بات چیت جاری رہی، اب ایک سائیڈ ایگریمنٹ پر اتفاق ہو گیا جس میں پاکستانی تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی جائے گی، ایسا ہونے پر ہی معاملات ٹریک پر آئیں گے۔
واضح رہے کہ رواں سال بھارت میں شیڈول ورلڈکپ میں پاکستانی شرکت بھی حکومتی اجازت سے مشروط ہے، تاحال ایونٹ کا شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔