ایک نیوز: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’چشمہ فائیو نیوکلر پاور پلانٹ کے 1200 میگا واٹ کے منصوبے کا معاہدہ سول ملٹری لیڈرشپ کے ون پیج پر ہونے کا نتیجہ ہے۔ پاکستان کی نئی فوجی قیادت کا شکر گزار ہوں کہ اس منصوبے میں گہری دلچسپی لی۔‘
معاہدے کی تقریب سے خطاب کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ ’چین کی قیادت کا شکر گزار ہوں کہ وہ پاکستان میں 4.8 ارب ڈالر کی لاگت کے ساتھ یہ منصوبہ شروع کر رہے ہیں۔ چینی کمپنی نے افراط زر کے باوجود قیمتیں نہیں بڑھائیں۔ یہ منصوبہ پیغام ہےکہ چینی سرمایہ کار پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں۔
شہباز شریف کے مطابق ’ پاکستان نے آئی ایم ایف کے نویں جائزے کے لیے تمام شرائط پوری کر دی ہیں تاہم آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے۔ چین نےاس مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔‘
شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ’ مشکل معاشی حالت کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ چشمہ 3 کا افتتاح دسمبر 2016ء اور چشمہ 4 کا افتتاح ستمبر 2017ء میں ہوا تھا۔
پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے زیرِانتظام چشمہ کے مقام پر چار نیو کلیر پاور پلانٹسC-1، C-2، C-3 اور C-4 سے 1330 میگا واٹ بجلی پاکستان کے نیشنل گرڈ کو مہیا کی جارہی ہے۔