ایک نیوز: پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑی تبدیلیوں کی پیش نظر ملازمین میں ایک بار پھر بےچینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی جانب سے بورڈ الیکشن میں دستبرداری کے اعلان کے بعد ذکاء اشرف کا چیئرمین پی سی بی کے طور پر تقرر یقینی نظر آرہا ہے جس کے بعد اعلیٰ عہدوں میں بھی اکھاڑ پچھاڑ متوقع ہے۔
وزیراعظم اور پی سی بی کے پیٹرن چیف شہباز شریف کی طرف سے ذکاء اشرف کی نامزدگی کا نوٹیفکیشن آج جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی چیئرمین شپ کے معاملے پر اس وقت بڑا بریک تھرو سامنے آیا، جب نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پر پی سی بی کے الیکشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ سابق صدر آصف زرداری اور موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان وجہ تنازعہ نہیں بننا چاہتا اور یہ عدم استحکام بورڈ کے لیے اچھا نہیں۔