ایک نیوز:امریکی ماہرین نے ایک طویل تحقیق کے بعد کہا ہے کہ ’بائنیکو ایکائسو‘ ایک قسم کا جاپانی آلوچہ ہے جس کا پھل اور جوس نہ صرف بلڈ پریشر کم کرتا ہے بلکہ کولیسٹرول گھٹاتا ہے اور یوں دل کے امراض کو دور کرتا ہے۔ تاہم یہ پھل بالکل خوبانی جیسا دکھائی دیتا ہے۔
تفصیلات کےمطابق ٹیمپل یونیورسٹی نے کہا ہے کہ جاپانی آلوبخارہ سینکڑوں برس سے بطور دوا استعمال ہوتا رہا ہے۔ اسے دورانِ خون اور خون کے دباؤ کو ٹھیک رکھنے کیلئے جاپانی حکمت میں اہم درجہ بھی حاصل ہے۔ اب معلوم ہوا ہے کہ اس کا رس باقاعدگی سے پینے سے اندرونی جلن، کولیسٹرول اور دیگر امراض میں نمایاں کمی ہوسکتی ہیں۔ اس کی وجہ پھل میں موجود ان گنت قدرتی اجزا اور کیمیکل ہیں جو صحت کیلئے انتہائی مفید ہیں۔ شاید جاپانی قوم کی تندرستی کی وجہ بھی یہی پھل ہے۔
یونیورسٹی سے وابستہ ڈاکٹر سیٹارو ایگوشی اور ان کے ساتھیوں نے بتایا کہ اس پھل کو جاپان میں ’یومے‘ کہا جاتا ہے۔ اگرچہ اس میں کچھ زہریلے مرکبات ہوتے ہیں اور ان سے جوس اور شراب کشید کرنے کیلئے کئی مراحل سے گزارا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ خون کی رگوں کو ہموار اور پرسکون رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ایک طرح کے کیمیائی سگنل ’اینجیوٹینسن ٹو‘ کی افزائش روکتے ہیں۔ یہ ایک ہارمون ہے جو بلڈ پریشر سے تعلق رکھتا ہے اور بڑھنے پر بلڈ پریشر بھی بڑھاتا ہے۔
ماہرین نے چوہوں اور دیگر جانوروں پر اس پھل کے اجزا آزمائے ہیں۔ جن چوہوں کو اس کا رس دیا گیا تھا وہ بلڈ پریشر سے مکمل محفوظ رہے۔ چوہوں کے جن گروہ کو کوئی دوا نہیں دی گئی بلکہ پانی دیا گیا تو ان کے بلڈ پریشر میں کوئی خاص کمی نہیں دیکھی گئی۔
اس کے علاوہ پھل کا جوس پینے والے چوہوں کی رگوں میں سکڑاؤ کی کیفیت بھی کم تھی۔ اب ماہرین اگلے مرحلے میں اس پھل کے وہ اہم کیمیکل تلاش کریں گے جو بلڈ پریشر اور دل کے امراض میں شفا کی وجہ بن رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ اگراس پر مبنی کوئی دوا جلد نہیں بنتی تب بھی آپ اس کا رس ضرور پی سکتے ہیں۔