میٹا نے آواز سن کر ترجمہ لکھنے والا ٹول ’وائس باکس‘متعارف کرادیا

Jun 20, 2023 | 02:26 AM

ایک نیوز: فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی بانی کمپنی میٹا نے حال ہی میں ’وائس باکس اے آئی‘ کےنام سے ایک بالکل نیا ٹول پیش کیا ہے۔ اس کی بدولت عام صارفین اپنی زبان میں کوئی جملہ ادا کرتے ہیں تو وہ فوری طور پر اس کا ترجمہ کرکے ٹیکسٹ میں ظاہر کرتا ہے۔
فی الحال یہ الٹا کام بھی کرسکتا ہے یعنی شامل شدہ ٹیکسٹ کو آڈیو میں ترجمہ کرتا ہے۔ تاہم اسے مختلف طریقوں اور موڈ وغیرہ میں اس کی آواز سن سکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ ٹیکسٹ سے آڈیو ترجمے کو بہت اچھی سطح پر بدلتا ہے لیکن اس میں ڈیٹا ان پٹ اور لرننگ کم درکار ہوتی ہے۔
اگرچہ اس کی افادیت کی مزید آزمائش جاری ہے لیکن وائس باکس دیگر بہت سے کام بھی کرسکتا ہے۔ یہ پہلے سے ریکارڈ شدہ آڈیو سے بلند معیار کے آڈیو کلپس بناسکتا ہے۔ مثلاً اگر آپ نے کسی جگہ کوئی اہم بات ریکارڈ کی ہے اور پس منظر میں گاڑیوں کے ہارن اور شور وغیرہ ہے تو وائس باکس انہیں ہٹاکر بہترین آڈیو فائل پیش کرسکتا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگلے مرحلے میں وائس باکس انسانی لہجے کے مزید قریب ہوجائے گا۔ اس طرح مشین سے تیارکردہ آواز کو قدرے حقیقی اور انسانی روپ دے سکے گا۔ فی الحال یہ چھ زبانوں تک ہی محدود ہے اور مستقبل میں اسے مزید وسیع کیا جائے گا۔ آخرکار اسے میٹاورس کے ورچول کرداروں کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ شاید یہی کچھ میٹا چاہتا بھی ہے۔
دوسری جانب بصارت سے محروم افراد اپنے دوستوں کے لکھے گئے ٹیکسٹ میسج کو ان ہی کی آواز میں سن سکیں گے۔ ان سب خواص کی بنا پر وائس باکس کو بہت سے اہم کاموں کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
بعض ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس سے جعلی ویڈیو، آوازوں اور کرداروں کا ایک نیا دروازہ بھی کھلے گا۔ تاہم اس کی افادیت وقت ہی بتائے گا۔

مزیدخبریں