جدید وینس ،مالدیپ کے قریب سمندر میں تیرتا شہر بنے گا

Jun 20, 2022 | 16:33 PM

Muhammad Akhtar
ایک نیوز نیوز : مالدیپ سے کچھ فاصلے پر ایک تیرتا ہوا شہر آباد کیا جارہا ہے جس کو 2027 تک مکمل کرلیا جائے گا۔اگر یہ کہا جائے کہ بحرہند کے پانیوں میں سے ایک شہر نکالا جارہا ہے تو بے جا نہ ہوگا۔
یہ شہر مالدیپ کے دارالحکومت مالے سے بذریعہ کشتی صرف دس منٹ کے فاصلے پر واقع ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق اس شہر میں بیس ہزار افراد کو آباد کیاجاسکے گا۔
اس کی شکل برین کورل جیسی ہے اور اس میں پانچ ہزار تیرتے ہوئے یونٹ ہوں گے جن میں مکان ، ریسٹورنٹ ، دکانیں اور سکول سب تیرتے ہوئے ہوں گے۔اس شہر کے درمیان نہریں ہوں گی جس سے شہر میں سفر کیا جاسکے گا۔ اس کو جدید وینس شہر بھی کہا جاسکتا ہے
اس شہر کا پہلا یونٹ اس ماہ کھول دیا جائے گا جن میں 2024 تک لوگ آباد ہوجائیں گے جبکہ پورا شہر 2027 تک مکمل کرلیا جائے گا۔
فلوٹنگ سٹی پراپرٹی ڈویلپر ڈچ ڈاک لینڈز اور مالدیپ حکومت کا مشترکہ منصوبہ ہے اور یہ کوئی خالی خولی تجربہ نہیں ہے اور نہ ہی کوئی فیوچرسٹک وژن ہے بلکہ یہ سطح سمندر کے بلند ہونے کے مسئلے کا عملی حل ہے۔
مالدیپ بھی ان ممالک میں سے ایک ہے جن کو سطح سمندر کے بلند ہونے کے مسئلے کا سامنا ہے اور یہ سطح سمندر سے ایک میٹر سے بھی کم بلندی پر ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صدی کے آخر تک مالدیپ سمندر میں ڈوب جائے گا۔


مزیدخبریں