کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کا بجٹ اجلاس ایک بارپھر ملتوی

Jun 20, 2022 | 10:01 AM

JAWAD MALIK
ایک نیوز این نیوز: بجٹ 2022-23 کیلئے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پیر کو طلب کیا گیا تھا تاہم وزیراعلیٰ نے اسے ایک اور دن کیلئے ملتوی کردیا اور اب یہ منگل کو منعقد ہوگا۔

وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کے بلوچستان عوامی پارٹی کی سرگرمیوں میں مصروف ہونے کے بعد بلوچستان اسمبلی کا بجٹ اجلاس مزید ایک روز کے لیے ملتوی کردیا گیا۔
یاد رہے کہ صوبائی وزیر خزانہ سردار عبدالرحمان کھیتران بجٹ پیش کریں گے، بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 140 ارب روپے سے زائد جبکہ غیر ترقیاتی بجٹ 380 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ سرکاری ملازمین، پنشنرز کے لئے وفاق کی طرز پر اضافے کا امکان ہے۔
ترقیاتی بجٹ کا 25 فیصد جاری اسکیموں کےلیے مختص کیا جائے گا، بجٹ میں بلدیاتی اداروں کے لیے بھی خصوصی گرانٹ رکھی گئیں ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو بلامقابلہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ بی اے پی کے انٹرا پارٹی انتخابات اتوار کو ہوئے اور جنرل کونسل کے اجلاس میں نئے عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا۔
مزیدخبریں