کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی جمہوریت کا قتل ہے:بانی پی ٹی آئی

 کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی جمہوریت کا قتل ہے:بانی پی ٹی آئی
کیپشن: Banning any political party is killing democracy: PTI founder

ایک نیوز: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی جمہوریت کا قتل ہے، ہماری پارٹی پر پہلے سے ہی پابندی تھی ،اسے الیکشن ہی نہیں لڑنے دیا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پارٹی کا چیئرمین وائس چیئرمین اور صدر پہلے سے ہی جیل میں تھے یہ پھر بھی کہتے ہیں کہ پارٹی پر پابندی لگائیں گے ،مریم نواز کہتی ہے کہ ججز ٹھیک نہیں،ججز تب ٹھیک تھے جب ان کے کیسز ختم کیے گئے؟،ایلیٹ طبقےنے اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ملک کو داؤ پر لگا دیا ہے یہی ایلیٹ ملک میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتا ،بنوں واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اس سے حالات مزید خراب ہوں گے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ سب کو پتہ ہے بنو ںواقعہ کے دوران نہتے لوگوں پر فائرنگ کی میرا مطالبہ ہے کہ بنو ںواقعہ کی جوڈیشل انکوائری کی جائے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ اس وقت تک نہیں جیتی جا سکتی جب تک قوم ساتھ نہ ہو، کے پی حکومت کا بیان ہے کہ بنوں میں امن مارچ کے اندر سے شرپسندوں نے فائرنگ کی ۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے کس حیثیت میں صدر ہاؤس کا بجٹ بڑھا کر 88 کروڑ کر دیا، موجودہ حکمران اپنے اخراجات کم کرنے کو تیار نہیں اور عوام سے قربانی مانگتے ہیں، ملک میں پہلے ہی مارشل لا کا نفاذ ہے، پیپلز پارٹی اور نون لیگ میں کوئی فرق نہیں یہ ایک ہی ہیں دونوں فارم 47 کی پیداوار ہیں تحریک عدم اعتماد سمیت کسی بھی مسئلہ پر پیپلز پارٹی سے کوئی بات نہیں ہوگی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری بحران سے نکلنے کا واحد حل صاف شفاف انتخابات کا انعقاد اور بہتر معاشی اصلاحات ہیں، فچ کی رپورٹ بھی منظر عام پر آئی ہے لیکن مجھے علم ہے موجودہ حکومت انتخابات کی جانب نہیں جائے گی ،یہ کہتے ہیں نو مئی ہم نے کیا ہمارا مطالبہ ہے کہ نو مئی پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے ،یہ نو مئی کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنا رہے،اس دن کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کیوں سامنے نہیں لائی جا رہی۔
  بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم نے اس کے بعد الیکشن کے لئے دو حکومتیں خود ختم کیں، ہماری حکومتیں ختم کرنے کے باوجود انہوں نے 90 دن میں الیکشن نہیں کرائے ،آرٹیکل6 تو ان پر لگنا چاہیے، انہیں ڈر ہے کہ کہیں حلقے نہ کھل جائیں یہ اسی لیے ججز تبدیل کر رہے ہیں ،سپریم کورٹ کے فیصلہ کے باوجود اگر الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی کو سیٹیں نہ ملی تو الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے ۔