ایک نیوز: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں اپنے گزشتہ دور حکومت میں شروع کیے گئے ٹیکنالوجی پارک کے منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک پاکستان کا بین الاقوامی معیار کے عین مطابق پہلا کیٹیگری 3 کا ٹیکنالوجی پارک ہو گا، حکومت سنبھالتے ہی ترقیاتی منصوبوں پر 24 گھنٹے کام کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں.،پنجاب میں بطور خادمِ اعلی ترقیاتی منصوبوں پر 24 گھنٹے تعمیراتی کام کرنے کا نظام متعارف کروایا تھا۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ خوش آئند بات ہے کہ اس منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کے لیے اس پر 24 گھنٹے کام جاری ہے،پاکستان کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانا ہے تو دن رات محنت کرنا ہوگی،پاکستان کو ترقی کی منازل طے کروانی ہیں تو سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی ،پروجیکٹ ٹیم اور وزارت آئی ٹی اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے کیلیے اقدامات تیز کریں۔
اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک سے ملکی اور غیر ملکی اکیڈمی، محققین، صنعت اور منصوبہ سازوں کے مابین ہم آہنگی پیدا ہو گی، ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر سے ملکی آئی ٹی برآمدات میں سالانہ 70 ملین ڈالر کا اضافہ ہوگا، ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر سے 10 ہزار روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔
وزیرِ اعظم نے منصوبے کیلئے جنوبی کوریا کی حکومت کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا، وزیراعظم کو اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر پر پیش رفت اور منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، ٹیکنالوجی پارک کا منصوبہ 14.9 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جا رہا ہے، اس منصوبے میں بین الاقوامی معیار کا ڈیٹا سینٹر بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھیں۔