ایک نیوز :استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیرترین کے بھائی عالمگیر ترین کی موت فرانزک رپورٹ میں خودکشی ثابت ہوگئی جبکہ پستول اور تحریر بھی عالمگیر ترین کی ہی نکلی۔
فرانزک ذرائع کے مطابق رپورٹ میں ثابت ہوگیا ہے کہ عالمگیر ترین نے خود کشی کی تھی۔ عالمگیر ترین کے گھر سے برآمد ہونے والی پستول پر انگلیوں کے نشانات عالمگیر ترین کے ہی ہیں جبکہ خودکشی سے قبل لکھی گئی تحریر بھی عالمگیر ترین کی ہے۔یاد رہے کہ 6 جولائی کو جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین نے پستول سے اپنے سر میں گولی مار کر خودکشی کرلی تھی۔
عالمگیر ترین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عالمگیر ترین کی دائیں کنپٹی پر ایک گولی لگی، کنپٹی پر لگنےوالی گولی آرپار ہوئی جس سے ان کی موت واقع ہوئی۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ عالمگیر ترین کے جسم کے اندرونی تمام حصے تندرست ہیں، گولی لگنے سے کھوپڑی فریکچر ہوئی جو موت کا سبب بنی، جسم پر تشدد کے کوئی نشانات موجود نہیں۔
رپورٹ کے مطابق موت زیادہ خون بہہ جانے کے باعث بھی واقع ہوئی، گولی لگنے سے دماغ کے ٹشو بری طرح متاثر ہوئے، گولی دائیں جانب لگ کر بائیں جانب سے پار ہوئی۔پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ عالمگیر ترین لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں موجود تھے، وہاں سے اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی۔پولیس ذرائع کے مطابق عالمگیر ترین کی لاش فلیٹ کے کمرہ نمبر 3 سے ملی ہے، لاش کے پاس پستول موجود تھا اور ان کے 2 ملازم فلیٹ میں موجود نہیں تھے۔
عالمگیر ترین کی موت کیسے ہوئی؟ فرانزک رپورٹ سامنے آگئی
Jul 20, 2023 | 20:02 PM