ایک نیوز :پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر کو اڑھائی ماہ تک جیل میں قید رکھنے کے بعد رہا کر دیا گیا۔
رہائی کے بعد ملتان میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ اڑھائی ماہ جیل کاٹ کر واپس آیا ہوں، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ میں سرخرو ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کیلئے صاف الیکشن کا انعقاد کروائیں، ایوب خان دور سے ملک میں پارٹیاں بنتی رہی ہیں،پاکستانی عوام الیکشن میں حق اور سچ کا ساتھ دیں گے،انہوں نے کہاکہ جیل انسان کو مضبوط بناتی ہے، اپنی پارٹی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہوں، انشاء اللہ حق اور سچ کی فتح ہو گی۔
عامر ڈوگر نے کہا کہ نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ کو کوئی بھی اچھا نہیں کہہ رہا، جلاؤ گھیراؤ نہیں ہونا چاہیے، نو مئی اور جیل یاترا کے حوالے سے کتاب لکھ رہا ہوں۔
انکا کہنا تھا کہ جیل ایک آزمائش کا نام ہے، عام انتخابات کا کچھ دنوں تک اعلان ہو جائے گا۔ پارٹیوں پر سختیاں آتی رہتی ہیں، اب پارٹی کو مضبوط کرنے کا وقت ہے، پی ٹی آئی کا مستقبل بہت روشن دیکھ رہا ہوں، اگر دوبارہ گرفتار کر لیں گے تو پھر حاضر ہوں۔