پاکستان روس اور یوکرین کےمابین امن لانےکیلئےکردار ادا کرنےپر تیارہے:بلاول بھٹو

 پاکستان روس اور یوکرین کےمابین امن لانےکیلئےکردار ادا کرنےپر تیارہے:بلاول بھٹو

ایک نیوز: وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ پاکستان روس اور یوکرین کے مابین امن لانے کیلئے کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی یوکرائنی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے پہلے روسی صحافی کو کمرے سےنکال دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یوکرینی وزیر خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور یوکرین کے مابین دوستانہ تعلقات ہیں،دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مذاکرات جاری رکھنے اور روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا،یوکرین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں،یوکرین اور روس کے درمیان امن چاہتے ہیں،پاکستان روس اور یوکرین کے مابین امن لانے کیلئے کردار ادا کرنے پر تیار ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ یوکرین اور روسی تنازعہ کا مذاکرات کے ذریعہ پر امن حل چاہتے ہیں،پاکستان ماضی میں یوکرین سے گندم لیتا رہا ہے،ہم فوڈ سیکیورٹی پر کام کر رہے ہیں،اس تنازعہ کی وجہ سے دیگر ترقی پذیر ممالک سمیت پاکستان بھی متاثر ہو گا،میں اس حوالے سے روسی ہم منصب اور اقوام متحدہ تک اپنی تشویش پہنچاؤں گا۔کچھ میڈیا نے یوکرین کو فوجی سامان کی سپلائی سے متعلق خبریں چلائیں جو بے بنیاد ہیں،تنازعہ کے شروع سے لیکر اب تک پاکستان نے یوکرین کو فوجی سامان مہیا نہیں کیا۔

یوکرینی وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ میں یوکرین کا پہلا وزیر خارجہ ہوں جو پاکستان کا دورہ کر رہا ہے،یوکرین پاکستان کے ساتھ ماضی میں دفاع کے شعبہ میں کام کر چکا ہے،یوکرین خوراک کے بحران میں پاکستان کی مدد کرنے پر خوشی محسوس کرتا ہے،میرا دورہ پاکستان اور یوکرین کے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے ہے،جنگ سے زندگی رکنی نہیں چاہیئے،یوکرینی پاکستانی کمیشن برائے اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے،روس کے خوراک سے متعلق فیصلے پر افریقی اور ایشیائی ممالک کو سب سے زیادہ نقصان ہو گا،روسی فیصلے سے اجناس کی قیمتیں بڑھیں گی،روس نے بدھ کے روز یوکرین کے پورٹس پر حملہ کر کے ٹنوں اجناس تباہ کیں،روس اپنے دشمنوں کو عالمی مارکیٹ سے ختم کر کے زیادہ پیسے بنانا چاہتا ہے۔