ایپل کا چیٹ جی پی ٹی کے مقابلے میں اے آئی چیٹ بوٹ لانچ کرنے کا فیصلہ

Jul 20, 2023 | 16:26 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: ایپل کو آئی فونز، آئی پیڈ ٹیبلیٹس اور میک کمپیوٹرز کے لیے جانا جاتا ہے لیکن اب یہ کمپنی چیٹ جی پی ٹی سے مقابلے کے لیے اپنے جنریٹیو اے آئی ٹول تیار کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے لارج لینگوئج ماڈلز پر مبنی اے آئی ٹولز کی تیاری کے لیے فریم ورک تیار کیا گیا ہے۔اس فریم ورک کو Ajax کا نام دیا گیا ہے جبکہ ایک چیٹ بوٹ سروس پر بھی کام کیا جا رہا ہے جسے کمپنی کے اندرونی حلقوں نے ایپل جی پی ٹی کا نام دیا ہے۔

خیال رہے کہ چیٹ جی پی ٹی جیسے چیٹ بوٹس لارج لینگوئج ماڈلز پر مبنی ہوتے ہیں اور انہیں انٹرنیٹ سے حاصل کیے گئے ڈیٹا سے تربیت دیا جاتا ہے تاکہ وہ صارفین کے سوالات کا جواب دے سکیں۔اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی اور گوگل بارڈ جیسے اے آئی چیٹ بوٹس لارج لینگوئج ماڈلز پر مبنی ہیں۔

حالیہ مہینوں میں اے آئی ٹیکنالوجی کے شعبے میں متعدد بڑی کمپنیوں جیسے مائیکرو سافٹ، میٹا اور گوگل نے قدم رکھے ہیں لیکن ایپل نے اس حوالے سے اب تک کچھ نہیں کیا تھا۔ ایپل کی جانب سے اے آئی ماڈلز کی تیاری کی رپورٹ اس وقت سامنے آئی ہے جب 18 جولائی کی شب میٹا کی جانب سے لارج لینگوئج ماڈل لاما 2 متعارف کرایا گیا۔

میٹا نے اس اے آئی ماڈل کے لیے مائیکرو سافٹ کے ساتھ شراکت داری کی ہے اور یہ تحقیقی اور کمرشل مقاصد کے لیے مفت دستیاب ہوگا۔

مزیدخبریں