غیر شرعی نکاح کیس، عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

غیر شرعی نکاح کیس، عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

ایک نیوز: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے غیر شرعی نکاح سے متعلق کیس میں عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سول جج قدرت اللہ نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے غیر شرعی نکاح سے متعلق کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار محمد حنیف عدالت میں پیش ہوئے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے شیر افضل مروت کورٹ میں پیش ہوئے۔

وکلا کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی،عدالت نے عمران خان کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

وکیل شیر افضل مروت کی جانب سے وکالت نامہ بھی جمع کروا دیا گیا ہے۔وکیل شیر افضل نے عدالت کو بتایا کہ سیشن جج کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔انھوں نے کہا کہ عدت کیس بے بنیاد اور سیاسی مقاصد کیلئے بنایا گیا۔

جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیے کہ آپ درخواست دائر کردیں نوٹس کر کے درخواست گزار کا موقف جاننا ضروری ہے۔جس کے بعد عدالت نے سماعت میں وقفہ کر دیا۔