پرویز الہی کی نظر بندی کیخلاف درخواست، حکومت سمیت فریقین سےجواب طلب

Jul 20, 2023 | 11:39 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی کی نظر بندی کیخلاف  دائر درخواست پر عدالت نے حکومت پنجاب سمیت فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا  ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی کی نظر بندی کیخلاف  دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شہرام سرور چوہدری نے پرویز الہی کی اہلیہ قیصرہ الہی کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے درخواست پر حکومت پنجاب سمیت فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا ہے۔ درخواست میں حکومت پنجاب، آئی جی، آئی جی جیل خانہ جات، ڈی سی لاہور کو فریق بنایا گیا ہے۔

قیصرہ الہی نےاپنے وکیل عامر سعید راں کےتوسط سے درخواست دائر کی۔ درخواست میں چوہدری پرویز الٰہی کی ایڈیالہ جیل منتقلی کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہےکہ چوہدری پرویز الٰہی کی تمام کیسز میں عدالت سے ضمانت منظور ہوچکی ہے۔ رویز الہی کو رات ایک بجے کیمپ جیل سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا۔چوہدری پرویز الٰہی کو رہا کرنے کی بجائے ان کی نظر بندی کا حکمنامہ جاری کیا گیا۔بازیابی درخواست پر عدالت عالیہ کے حکم پر متعلقہ اتھارٹی سے رجوع کیا، اتھارٹی نے عدالتی حکم کے باوجود نظر بندی کیخلاف درخواست پر فیصلہ نہیں کیا۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ پرویز الہی کو عدالت میں طلب کرکے انہیں آزاد کیا جائے اوردرخواست پر حتمی فیصلہ تک پرویز الہی کو کسی اور مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔

مزیدخبریں