لاہور،ساہیوال بہاولنگر موٹروے کا پہلا حصہ مکمل کرنے کی منظوری

Jul 20, 2023 | 00:23 AM

ایک نیوز :وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ہونے والے ایکنک اجلاس میں وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کےلیے 16 ارب 80 کروڑ روپے کی منظوری دے دی گئی۔

اسلام آباد میں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں کئی بڑے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

 اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کےلیے 16 ارب 80 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی، یہ اسکیم مرکزی حکومت کی فنانسنگ سے 2 سال میں مکمل ہو گی جبکہ محکمہ موسمیات کا نظام جدید بنانے کے 14 ارب 49 کروڑ 88 لاکھ روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ جامشورو اور ٹھٹھہ میں پانی فراہمی کے 39 ارب 94 کروڑ روپے کے منصوبے منظور کیے گئے۔

قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی اجلاس میں لاہور رنگ روڈ جنوبی کو 17 ارب 78 کروڑ روپے سے مکمل کرنے کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں صوبوں میں زرعی ٹیوب ویلز سولر پر منتقل کرنے کے منصوبوں کو بھی منظور کیا گیا۔

ایکنک اجلاس میں خوازہ خیلہ سے بشام تک 48 کلو میٹر طویل شاہراہ کی تعمیر کی منظوری دی گئی، جس پر 79 ارب 13 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اس دوران پاکستان ایجوکیشن منصوبے کو 14 ارب روپے مالیت سے مکمل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان ایجوکیشن منصوبے کے تحت ملک بھر میں تعلیمی وظائف دیے جائیں گے۔

اجلاس میں لاہور ساہیوال بہاولنگر موٹروے کا پہلا حصہ 263 ارب 79 کروڑ روپے سے مکمل کرنے کی منظوری دی گئی، 295 کلو میٹر سڑک بہاولپور، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، ساہیوال اور لاہور کے درمیان بنے گی۔

مزیدخبریں