پربھاس کی مہنگی ترین فلم کے پوسٹر پر ’چربہ‘ کا ٹھپہ لگ گیا

پربھاس کی مہنگی ترین فلم کے پوسٹر پر ’چربہ‘ کا ٹھپہ لگ گیا
کیپشن: The poster of Prabhas's most expensive film 'Charba' was spotted

ایک نیوز :بھارت کی اب تک کی سب سے مہنگی فلم ’پروجیکٹ کے‘ کے پہلے پوسٹر نے مداحوں کو مایوس کردیا۔

’پروجیکٹ کے‘ 600 کروڑ کے بجٹ سے بنائی جارہی ہے، جس میں مرکزی کردار پربھاس ادا کررہے ہیں جبکہ دیگر اداکاروں میں امیتابھ بچن، کمل ہاسن، دیپیکا پڈوکون اور دیشا پٹانی شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پوسٹر ’پروجیکٹ کے‘ کے فلم سازوں نے 19 جولائی کو جاری کیا جبکہ سین ڈیگو کومک کون میں اسے 21 جولائی کو لانچ کیا جائے گا۔آئندہ برس 12 جنوری کو فلم کی ریلیز متوقع ہے، پروجیکٹ کے سے مداحوں کو بڑی امیدیں وابستہ تھیں لیکن اس کے پوسٹر نے اس پر’ چربہ‘ کا ٹھپہ لگادیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فلم پوسٹر میں پربھاس کو بالکل ایسے انداز میں دکھایا گیا ہے، جیسا آئرن مین 3 میں رابرٹ ڈاؤنی کو پیش کیا گیا تھا۔پربھاس کے اس انداز پر سوشل میڈیا صارفین نے ملے جلے مگر دلچسپ تبصرے کیے، کئی ایک نے بھارتی اداکار کو سستا آئرن مین تک قرار دے دیا۔

ایک صارف نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم یہ پوسٹر کس نے بنایا ہے، لگتا ہے کہ پربھاس کا چہرہ کسی گیم کے پوسٹر پر لگادیا گیا ہے۔

دوسرے تبصرے میں پربھاس اور فلم کی ٹیم کو ہیش ٹیگ کرکے لکھا گیا ’سستا آئرن مین، یہ تو پوری کاپی مار دی‘۔

ایک اور نے کہا کہ بالکل عام سا پوسٹر، ’پروجیکٹ کے‘ امید ہے فلمسازوں سے مزید غلطیاں سرزد نہیں ہوں گی۔