ایک نیوز: عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے پوسٹل بیلٹ پیپرزکا اجرا شروع کردیا ہے۔ ڈاک کے ذریعہ اہل ووٹرز 22 جنوری تک حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔
ذرائع کے مطابق پوسٹل بیلٹ کے لیے درخواست فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سےڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔ پوسٹل بیلٹ کے لئے درخواست ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسرکو بھجوائی جائے گی۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق جیل کے قیدی اور زیر حراست ملزمان پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔ معذور افراد پولنگ اسٹیشن جائے بغیر ہی اپنا ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔ معذوری والا شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کے لئے پوسٹل بیلٹ کی سہولت میسر ہوگی۔
اس کے علاوہ اپنے حلقے سے دور تعینات سرکاری ملازمین بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔ سرکاری ملازمین، مسلح افواج کے اہلکار،ان کے اہل خانہ کو پوسٹل بیلٹ کی سہولت دی جائے گی۔ اہل ووٹرز اپنے ریٹرننگ افسر کو پوسٹل بیلٹ کی درخواست دے سکتے ہیں۔