لاہور میں کاروباری مراکز کے نئے اوقات کار جاری 

Jan 20, 2023 | 23:22 PM

ایک نیوز :ضلعی انتظامیہ لاہور نے ہائیکورٹ کے مارکیٹیں جلد بند کرنے کے احکامات کی روشنی میں مارکیٹوں کی 10 بجے بندش کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

اعلامیے کے مطابق کمرشل مارکیٹس، دکانیں، شاپنگ مالز، بیکریوں کو رات10بجے بند کروایا جائے۔ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

تمام ریسٹورنٹ، کافی شاپس، کیفے پیر سے جمعرات رات 10 بجے تک کھل سکیں گے جبکہ جمعہ سے اتوار رات 11 بجے تک کھل سکیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل اسٹورز، اسپتال، لیبارٹریوں، پیٹرول پمپس، دودھ کی دکانوں اور پنکچرشاپس پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ کے تدارک سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کے دوران سیکریٹری جنرل لاہور سپر مارکیٹ محمد عمران سلیم کی درخواست پر رات 10 بجے کے بعد کاروبار کرنے والی مارکیٹوں کو دو لاکھ روپے جرمانہ کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے سی سی پی او لاہور اور ڈپٹی کمشنر کو فوری احکامات پر عمل درآمد کرانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے رات 10 بجے کے بعد لاہور میں شادی کی تقریبات روکنے کا بھی عندیہ دیا۔

مزیدخبریں