ایک نیوز :گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ نے بھی 12,000 ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کردیا۔
گوگل اور الفابیٹ کے سی ای او سندر پچائی نے جمعہ کو ایک ای میل میں ملازمین کو کمپنی میں ڈاؤن سائزنگ کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کٹوتیوں سے دنیا بھر میں الفابیٹ کی 6 فیصد افرادی قوت متاثر ہوگی۔
سندر پچائی نے کہا کہ گزشتہ 2 برسوں کے دوران ہم نے کمپنی کو آگے بڑھتے بھی دیکھا اور متعدد افراد کو بھرتی بھی کیا مگر اب حالات مختلف ہیں، وہ ان فیصلوں کی مکمل ذمہ داری لیتے ہیں جو موجودہ خراب حالات کا باعث بنے۔
گوگل کا یہ اقدام مائیکرو سافٹ اور ایمازون کی جانب سے مجموعی طور پر 28 ہزار ملازمین کو نکالنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے، گزشتہ دنوں ہی مائیکروسافٹ نے 10,000 اور ایمازون نے 18,000 ملازمین کو نکالنے کا اعلان کیا تھا۔