گاڑیوں کی ملکیت  ٹرانسفر کیلئے پنجاب ایکسائز میں نیا نظام 

Jan 20, 2023 | 16:06 PM

  ایک نیوز : گاڑیوں کی ٹرانسفر میں فراڈ  اور بوگس دستاویزات سے نمٹنے کےلئے پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن  ڈیپارٹمنٹ نے نیا نظام متعارف کرا دیا ۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن  ڈیپارٹمنٹ نے  کاروں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس میں  فراڈ کو روکنے کے لیے دہرا حفاظتی نظام متعارف کرارہا ہے جس میں  کاروں کو آپکے نام پر رجسٹرڈ فون نمبرز سے لنک کردیا جائے گا

حفاظتی طریقہ کار کے تحت اب ایکسائز اہلکاروں کو  بھی بلا اجازت  ڈیٹا میں ردوبدل کی اجازت نہیں ہوگی ۔ پنجاب میں گاڑیوں کی نام منتقلی یا ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی  پر شہری کے فون پر ایک ایس ایم ایس  موصول ہو گا۔

ایس ایم ایس مالکان کو ٹوکن ٹیکس یا دیگر لین دین کے بارے میں مطلع کرے گا۔ مالک غلط منتقلی یا نامعلوم لین دین کے بارے میں ایکسائز کو فوری طور پر مطلع کر سکتا ہے۔

سسٹم کو شروع کرنے کے لیے، صارفین کو ان کے فون پر ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) ملے گا۔ OTP آپ کا فون نمبر رجسٹر کرے گا اور مستقبل میں صارفین کے پروفائلز میں کسی بھی مشکوک سرگرمی کو روک دے گا۔

ایکسائز حکام  کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرکس نے پہلے ہی بوگس ٹرانسفرز کو کم کر دیا ہے جبکہ ڈبل ایس ایم ایس اور دہری پاس ورڈ سیکیورٹی  سے مزید بہتری آئے گی۔  پنجاب دو ہفتوں میں نیا نظام متعارف کرائے گا۔

 یادرہے محکمہ اینٹی کرپشن نے ایکسائز افسران کی جانب سے گاڑیوں کی رجسٹریشن  اور منتقلی کے نظام میں بڑی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی سے جعلی دستاویزات پر نان کسٹم پیڈ (این سی پی) اور نیلام شدہ گاڑیاں بھی رجسٹر کی گئیں۔ تاہم، جعل سازوں نے اضافی گاڑیوں کو غیر قانونی طور پر رجسٹر کرنے کے لیے ڈیٹا بیس کی خامیوں کا استعمال کیا۔ جس سے حکومت کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ 

مزیدخبریں