جنرل باجوہ فیملی ڈیٹا لیک کیس: عدالت کا پولیس کو چالان جمع کرانے کا حکم

Jan 20, 2023 | 15:39 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز: سابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا ایف بی آر سے ڈیٹالیک کرنے کا معاملہ ، عدالت نے پولیس کو آئندہ سماعت پر چالان جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا ایف بی آر سے ڈیٹالیک کیس کی سماعت ہوئی، ایف بی آر کے گرفتار تین ملازمین شہزاد نیاز،عدیل اشرف،ارشد علی قریشی عدالت میں پیش ہوئے، ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 3 فروری تک توسیع کر دی گئی.

واضح رہے کہ  ایف بی آر کے ملازمین شہزاد نیاز،عدیل اشرف،ارشد علی قریشی کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا گیا.جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت میں ملزم ارشد علی قریشی کے وکیل سردار تیمور اسلم روبرو پیش ہوئے ۔

وکیل سردار تیمور اسلم نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کے بجائے 24 دسمبر کو ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا ،ملزمان کا ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے سامنے 164 کے بیان پر زبردستی دستخط کروائے گئے،ہمیں پہلی مرتبہ عدالت کے سامنے پیش کیا گیا ہے 164کا بیان زور زبردستی ریکارڈ کروایا گیا تھا۔ عدالت نے ملزمان کا 164 کا بیان آج دوبارہ قلمبند کر لیا۔

بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر چالان جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 3 فروری تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں