انسٹا گرام نے صارفین کے لئے نئی سہولت متعارف کرادی

Jan 20, 2023 | 14:29 PM

ایک نیوز : انسٹاگرام نے اپنے صارفین کو موقع دیا ہے کہ وہ جب چاہیں مخصوص اوقات کے لیے اپنے نوٹیفیکیشنز کو معطل کر سکتے ہیں۔
اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام کے ملکیتی ادارے میٹا نے اپنے بلاگ میں بتایا ہے کہ صارفین کے لیے ’کوائٹ موڈ‘ متعارف کرایا گیا ہے۔
میٹا کے مطابق ’کوائٹ موڈ‘ کو فعال رکھنے والے صارفین کو کوئی نوٹیفیکیشن موصول نہیں ہو گا۔ اگر ڈائریکٹ میسیج (ڈی ایم) آیا تو پلیٹ فارم ایک خود کار جواب کے ذریعے میسیج کرنے والے کو صارف کے دستیاب نہ ہونے کی اطلاع دے گا۔
یہ فیچر استعمال کرنے والے صارفین کی پروفائل پر ایک ٹیگ دکھائی دے گا جس سے دیکھنے والوں کو علم ہو گا کہ صارف اس وقت دستیاب نہیں ہے۔
بلاگ پوسٹ میں ’کوائٹ موڈ‘ کو متعارف کرائے جانے کے مقاصد کی وضاحت کرتے ہوئے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس کے ذریعے ’صارفین کو اپنے اور دوستوں یا فالوورز کے درمیان حد برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔‘
کوائٹ موڈ  کو آن کیسے کرنا ہے ؟
انسٹاگرام صارفین اپنے دن یا رات کے کسی بھی وقت کو منتخب کر کے اسے کوائٹ موڈ میں بدل سکتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے انہیں اکاؤنٹ سیٹنگ میں نوٹیفیکیشنز، پھر کوائٹ موڈ میں جا کر وقت کا انتخاب کرنا ہو گا۔
منتخب کیا گیا وقت پورا ہونے کے بعد صارف جب انسٹاگرام کھولے گا تو اسے نوٹیفیکیشنز کی ایک سمری کے ذریعے گزرے ہوئے وقت کے دوران ہونے والی سرگرمی سے باخبر کیا جائے گا۔
میٹا کے مطابق کوئی بھی کوائٹ موڈ کو استعمال کر سکتا ہے لیکن ہم لڑکپن کی عمر کے صارفین کو متوجہ کرنا چاہیں گے کہ وہ اسے استعمال کر رکے رات گئے انسٹاگرام پر صرف کیے جانے والے وقت کا تعین کریں۔
 

مزیدخبریں