عدالت کا وزارت خارجہ کو عافیہ صدیقی کی بہن کو قانونی محاذ پر مدد فراہم کرنے کا حکم

عدالت کا وزارت خارجہ کو عافیہ صدیقی کی بہن کو قانونی محاذ پر مدد فراہم کرنے کا حکم
کیپشن: Court orders Ministry of External Affairs to provide legal assistance to Aafia Siddiqui's sister(file photo)

ایک نیوز: اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ عافیہ صدیقی کی بہن کو قانونی محاذ پر مدد فراہم کرے۔ 

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی امریکی عدالت سے رہائی کے لیے دائر درخواست پر سماعت پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے سماعت کی ، فوزیہ صدیقی اپنے وکیل ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئیں ، عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسارکیا کہ کیا پراگریس ہے ؟

جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ عدالتی حکم کے مطابق قائم مقام امریکی سفیر سے ہمارے آفیشلز کی ملاقات ہوئی ہے ،جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے استفسار کیا کہ کافی اور کیک کی میٹنگ ہوئی ؟ مطلب نا سیکرٹری خارجہ نا وزیر خارجہ عدالتی حکم سے متعلق آگاہ کیا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ سفارتی سطح پر اٹھایا گیا ہے ، عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسارکیا کہ کوئی آئیڈیا نہیں اس ملاقات میں کیا ہوا ہے ؟ وکیل فوزیہ صدیقی نے کہا کہ عافیہ صدیقی کے لیے امریکہ میں ایک اور وکیل ہائر کیا ہے ، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ریمارکس دئیے کہ ساتویں آٹھویں سماعت ہے حکومت اس حوالےسے کچھ کرنا نہیں چاہتی ، ہمارا بھی ایک دائرہ اختیار ہے اس کی حد تک ہی رہ سکتے ہیں ۔

وکیل فوزیہ صدیقی نے کہا کہ بظاہر ایسے لگتا ہے حکومت اس معاملے میں بے بس نظر آتی ہے ، عدالت نے وزارت خارجہ کو قانونی محاذ پر فوزیہ صدیقی کو سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ،  ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ہماری شہری ہیں جو مدد حکومت کر سکتی ہے کرے گی ، عدالت نے وزارت خارجہ حکام کو آئندہ ہفتے فوزیہ صدیقی کے ساتھ میٹنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔