ایک نیوز: اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کر لیے۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے مزید35 ارکان کو ڈی نوٹیفائی کردیا.
تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مزید 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے جن اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے ہیں ان میں جنید اکبر، عثمان ترکئی، مجاہد علی، ارباب عامر ایوب، عندلیب عباس، ملیکہ بخاری شامل ہیں۔
اس کے علاوہ حیدر علی خان، سلیم رحمان، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، محمد بشیر کے استعفے بھی منظور کیے گئے ہیں۔
اس فہرست میں خسرو بخیتار اور عامرکیانی کے ساتھ ساتھ فخر امام اور کرامت کھوکھر بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کو پاکستان تحریک انصاف کے 35 ارکان اسمبلی کے استعفے موصول ہوگئے ہیں، الیکشن کمیشن ضابطے کی کارروائی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے مزید 35 ارکان قومی اسمبلی کی نشستیں خالی قرار دے دیں ۔الیکشن کمیشن نے 35 نشستوں کو خالی قرار دینے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جنوری کو بھی پاکستان تحریک انصاف کے 35 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کئے گئے تھے۔اب پاکستان تحریک انصاف کے 70 ارکان قومی اسمبلی اپنی نشستوں سے محروم ہوچکے ہیں۔
اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جولائی 2022 میں بھی پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے۔