میں نےکارڈکھیلےتو پی ڈی ایم کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے:عمران خان

میں نےکارڈکھیلےتو پی ڈی ایم کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے:عمران خان
کیپشن: میں جب کھیلوں گاتو پی ڈی ایم کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے:عمران خان

ایک نیوز: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ اگر ملک میں صاف شفاف انتخابات نہ ہوئے تو سری لنکا جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے اسمبلی تحلیل کے بعد بھیجی گئی ایڈوائس میں انتخابات کی تاریخ نہ لکھ کر آئین کی خلاف ورزی کی، گورنر پنجاب کے اس اقدام کو عدالتوں میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں صاف شفاف انتخابات نہ ہوئے تو سری لنکا جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے تاہم اگر جنرل الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ بھی ہوا تو سڑکوں پر احتجاج کا کوئی آپشن زیر غور نہیں۔
اسحاق ڈار کے بارے میں عمران خان نے کہا کہ اُن کے بارے میں صرف اتنا کہوں گا کہ وہ ساری تباہی کا ذمہ دار ہے،مسلم لیگ (ن) کے اندر توڑ پھوڑ کے حوالے سے سنجیدہ آوازیں سننے کو مل رہی ہیں،مسلم لیگ ن کی موروثی سیاست کے خلاف پہلی آواز چودھری نثار نے بلند کی۔ہر گزرتے دن کے ساتھ پی ڈی ایم مشترکہ طور پر عوام کے سامنے بے نقاب ہورہی ہے، پی ڈی ایم مکمل طورپر فیل ہوچکی ہے، ان کے پاس عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں، پی ڈی ایم نے مشترکہ طور پر عوام کے وسائل کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کیا، صرف تحریک انصاف کی حکومت ہی ملک کو ان بحرانوں سے نجات دلا سکتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت طویل مدت تک چلنے سے پاکستان میں سری لنکا جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، پنجاب اسمبلی کی تحلیل پی ڈی ایم کے لئے ایک ایسا شاٹ ہے جس کی گونج صدیوں تک انہیں سنائی دے گی، نواز شریف قطعاً سیاست دان نہیں۔بلوچستان کے مسائل سے متعلق عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کے لیے صرف اور صرف سیاسی حل تلاش کرنا ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ میرے پاس ابھی بہت سے ایسے کارڈ باقی ہیں جب کھیلوں گا تو پی ڈی ایم کے رونگٹے کھڑے ہوجائیں گے، اگر مجھے نا اہل کر بھی دیا تو لوگ تحریک انصاف کے نظریے کو ووٹ دیں گے۔