ایک نیوز: لندن میں کونسل ٹیکس عائد ہونے کے بعد بسوں اور ٹرینوں کے کرایوں میں ریکارڈ 5.9 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لندن میں مصروف اوقات میں ٹیوب کرایوں میں 12فیصد جبکہ آف پیک کیلئے ٹیوب کرایوں میں 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈے ٹریول کارڈ میں زون 1-6 تک 4 پاؤنڈ کا اضافہ اور زون 1-4 کیلئے ٹیوب کرایوں میں 70 پینس کا اضافہ کیا گیا ہے۔
میئر آف لندن صادق خان نے کرایوں میں اضافے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے مطلوبہ فنڈ نہ دینے سے اضافہ ضروری ہوا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کے آخر میں پاکستان ریلوے حکام نے ٹرینوں کی تمام کلاس کے کرایوں میں اضافہ کردیا تھا۔ جس کے بعد کراچی اور پشاور کے درمیان براستہ لاہور چلنے والی خیبر میل ٹرین کی اے سی سلیپر کلاس کا کرایہ 11 ہزار کردیا گیا تھا۔
اے سی بزنس کلاس کا کرایہ بڑھا کر 8 ہزار روپے کردیا گیا تھا۔ اے سے اسٹینڈرڈ کلاس کا کرایہ 7ہزار روپے اور خیبر میل ٹرین کی اکانومی کلاس کا کرایہ بڑھا کر 3ہزار روپے کردیا گیا تھا۔ لاہور سے براستہ فیصل آباد کراچی کے درمیان چلنے والی قراقرم ایکسپریس ٹرین کی اے سی بزنس کلاس کا کرایہ بڑھا کر7ہزار اور قراقرم ٹرین کی اکانومی کلاس کا کرایہ 3ہزار روپے کیا گیا تھا۔
پشاور سے براستہ راولپنڈی فیصل آباد کراچی کے درمیان چلنے والی رحمان بابا ایکسپریس ٹرین کی اے سی بزنس کلاس کا کرایہ بڑھا کر7 ہزار روپے اور اے سی سٹینڈرڈ کلاس کا کرایہ بڑھا کر 5، ہزار روپے کردیا گیا تھا۔ رحمان بابا ایکسپریس ٹرین کی اکانومی کلاس کا کرایہ بڑھا کر 3، ہزار روپے کیا گیا ۔
لاہور اور کراچی کے درمیان براستہ ساہیوال چلنے والی پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کی اے سی بزنس کلاس کا کرایہ بھی بڑھا کر7 ہزار روپے کردیا گیا تھا اور اے سی اسٹینڈرڈ کلاس کا کرایہ بڑھا کر 5، ہزار روپے ہو گیا تھا۔ پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کی اکانومی کلاس کا کرایہ بھی بڑھا کر 3، ہزار روپے کر دیا گیا تھا۔