رات 10 بجے کے بعد کاروبار کرنے پر 2 لاکھ روپے جرمانے کا حکم

Jan 20, 2023 | 11:28 AM

ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے رات دس بجے کے بعد کاروبار کرنے والی مارکیٹوں کو دو لاکھ روپے جرمانہ کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں مارکیٹیں رات 10 بجے بند کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سی سی پی او لاہور اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسران کو فوری احکامات پر عملدرآمد کروانے کے احکامات جاری کردیے۔ 

سیکرٹری جنرل لاہور سپر مارکیٹ محمد عمران سلیم عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ تاحیات رات دس بجے مارکیٹیں بند کرنے کا حکم فرما دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حکم سے وہ سکون میں آچکے ہیں اور سب دوکانداروں کا اس پر اتفاق ہے۔ عدالت نے اس بیان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب کو اپنا لائف سٹائل بدلنے کی ضرورت ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ لاہور میں شادیوں میں جاری ون ڈش کی خلاف وزری پر غور کیا جارہا ہے۔

عدالت کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے پولیس حکام کو بھی کہہ دیا ہے کہ مارکیٹ دس بجے تک بند کروانے کو یقینی بنایا جائے۔ اس پر سیکرٹری جنرل لاہور سپر مارکیٹ کے وکیل نے کہا کہ ہوم ڈلیوری والا کام چل رہا ہے۔ آپ آرڈر کردیں کہ اس کو جاری رکھا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس پر آئندہ سماعت پر بات ہوگی۔

مزیدخبریں