ایک نیوز: بھارت کے امیر ترین خاندانوں میں سے ایک امبانی خاندان میں گزشتہ روز اننت امبانی کی منگنی کی تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں انگوٹھی پہنچانے ایک انجانے مہمان نے آکر سب کو حیران کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ریلائنس انڈسٹریز کے مینجنگ ڈائریکٹر اور چیئرمین مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ آج فیملی اور دوستوں کی موجودگی میں پورے رسم و رواج کے ساتھ منگنی کے بندھن میں بندھ گئے۔ منگنی کی تقریب ممبئی میں امبانی کی رہائش گاہ پر ہوئی۔
گجراتی ہندو خاندانوں میں نسلوں سے چلی آرہی صدیوں پرانی روایات کے مطابق خاندانی مندر میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئیں۔ دونوں خاندانوں نے ایک دوسرے کو تحائف دیے۔
تقریب کیلئے اننت کی بہن ایشا اور فیملی کے دیگر اراکین نے رادھیکا کو ان کے مرچنٹ نیواس پر جاکر مدعو کیا۔ اس کے بعد امبانی فیملی نے آرتی اور منتروں کے جاپ کے درمیان دلہن کا اپنی رہائش گاہ پر پرتپاک استقبال کیا۔
بہن ایشا کے ذریعہ انگوٹھی پروگرام شروع ہونے کا اعلان کئے جانے کے ساتھ ہی اننت اور رادھیکا نے فیملی اور دوستوں کے سامنے ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنائی۔ لیکن یہ انگوٹھی کوئی اور نہیں بلکہ اننت امبانی کا وفادار کتا لیکر سٹیج پر پہنچا۔ جس کو دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔
یاد رہے کہ اننت اور رادھیکا کچھ سالوں سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور آج کی منگنی کی رسم انہیں مزید قریب لے آئے گی ۔ دونوں خاندان رادھیکا اور اننت کیلئے سب کا آشیرواد اور نیک خواہشات کے خواہاں ہیں۔
نیتا اور مکیش امبانی کے بیٹے اننت نے امریکہ کی براؤن یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی اور اس کے بعد سے وہ مختلف صلاحیتوں میں ریلائنس انڈسٹریز سے وابستہ ہیں۔ وہ جیو پلیٹ فارم اور ریلائنس ریٹیل وینچرز کے بورڈ میں رہ چکے ہیں۔ وہ فی الحال ریلائنس کے توانائی کے کاروبار کی سربراہی کر رہے ہیں۔ وہیں شیلا اور ویرین مرچنٹ کی بیٹی رادھیکا نیویارک یونیورسٹی کی گریجوایٹ ہیں اور اینکور ہیلتھ کیئر کے بورڈ میں ڈائریکٹر کے طور پر کام کرتی ہیں۔