ایک نیوز: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فرانسیسی کلب پی ایس جی اور سعودی آل اسٹار الیون کے درمیان کھیلے جانے والے نمائشی میچ کی ٹکٹ 59 کروڑ پاکستانی روپے میں فروخت کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق پی ایس جی اور آل اسٹار الیون کے نمائشی میچ کو یادگار بنانے کے لیے سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کی جانب سے اس میچ کے ایک خصوصی ٹکٹ کی نیلامی کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کی رقم چیریٹی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ارجنٹائن کے لیونل میسی اور پرتگال کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کے دوستانہ میچ کا ٹکٹ 59 کروڑ روپے میں فروخت ہوا تھا۔اس خصوصی ٹکٹ کا فائدہ یہ تھا کہ اسے خریدنے والے کو کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنانے کے ساتھ لاکر روم تک بھی رسائی حاصل تھی۔ سعودی عرب کے تاجر مشرف الغامدی نے 26 لاکھ ڈالرز یعنی 59 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے میں اس خصوصی ٹکٹ کو خریدا تھا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فرانسیسی کلب پی ایس جی اور سعودی آل اسٹار الیون کے درمیان کھیلے جانے والے نمائشی میچ میں دلچسپ مقابلہ کے بعد پی ایس جی نے سعودی آل اسٹار الیون کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی تھی۔ کنگ فہد اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والےمیچ کے تیسرے ہی منٹ میں لیونل میسی نے پی ایس جی کے لیے گول کردیا جس کے بعد اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈ نے 34 ویں منٹ میں پنالٹی کک پر گول کرکے اسکور برابر کیا تاہم پی ایس جی نے 9 منٹ بعد پھر برتری حاصل کی۔پہلے ہاف کے آخری لمحات میں رونالڈو نے ایک اور گول کرکے مقابلہ دو، دو سے مقابلہ برابر کر دیا۔ سرجیو ریموس نے پی ایس جی کی جانب سے گول کر کے ٹیم کو برتری دلوائی لیکن تین منٹ بعد آل اسٹار کے جینگ ہیون نے پھر سے مقابلہ برابر کردیا، 60 ویں منٹ میں ایمباپے نے پنالٹی کک پر گول کر کے پی ایس جی کو ایک بار پھر سے برتری دلائی جس کے بعد ایکٹیکے نے پی ایس جی کا پانچواں گول کیا۔ آخری منٹ میں آل اسٹار الیون کے ٹیلسکا نے گول کرکے مقابلہ پانچ چار کردیا ، اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔