ایک نیوز :وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ نوازشریف وطن واپسی کیلیے تیار ہیں، وہ پاکستان واپس آکر الیکشن مہم کی قیادت کریں گے، پنجاب کے الیکشن میں ن لیگ اکثریت حاصل کرے گی۔
لندن میں نواز شریف کی صدارت میں مسلم لیگ (ن) کے اجلاس کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اب پنجاب میں انتخابات ہونے جارہے ہیں تو مسلم لیگ (ن) مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے کامیابی اور اکثریت حاصل کرے گی۔
راناثنااللہ کا کہنا تھا مریم نواز بھی وطن واپس آرہی ہیں، وہ وزیراعلیٰ پنجاب کی امیدوار ہوسکتی ہیں، پنجاب میں ہمارے نمبر پورے تھے اور ہیں، ہوسکتا ہے صوبائی الیکشن 3 ماہ میں نہ ہوں، دو نمبری کرنے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے کالے کرتوت سامنے آرہے ہیں عمران خان ٹیریان وائٹ کیس میں 100 فیصد نااہل ہوسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پارٹی قائد سے رہنمائی لی ہے، مزید اجلاس بھی ہوں گے اور قائد کی رہنمائی کے تحت اپنی انتخابی مہم شروع کریں گے، اس مہم میں نواز شریف خود بھی شامل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اگلے ہفتے پاکستان جا رہی ہیں، اگلے ہفتے 26 یا 27 تاریخ کا پروگرام بن رہا ہے۔