ایک نیوز: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسید ہولڈنگ اور وافی انرجی پاکستان کے وفد سے ملاقات کی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق دوران ملاقات وزیرخزانہ نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان کے توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دونوں کمپنیوں کے تعاون کو سراہا ،محمداورنگزیب نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول کے حکومتی عزم کا اعادہ بھی کیا ۔
اعلامیہ کے مطابق وزیرخزانہ نے وفد کو ویژن 2030 کی نمایاں پیشرفت اور علاقائی اقتصادی ترقی پر اس کے اثرات کے حوالے سے آگاہ کیا، حالیہ دورہ سعودی عرب اور الولا کانفرنس 2025 میں اپنی شرکت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔
وفد نے وزیر خزانہ کو پاکستان میں اپنے سرمایہ کاری بڑھانے کے منصوبوں سے آگاہ کیا ۔
وفد نے پاکستان کی اقتصادی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پہلے ہی بڑی سرمایہ کاری کی میزبانی کر رہا ہے ۔
وفد نے ڈاؤن سٹریم پیٹرولیم سیکٹر اور توانائی کی بنیادی ڈھانچے میں مزید تعاون کے لیے اپنے ویژن کا اعادہ کیا، پاکستان کی معیشت کو بحال کرنے میں وزیر خزانہ کی کوششوں کو سراہا۔
وفد نے سرمایہ کاروں اور صارفین کے اعتماد بحال کرنے کے حوالے سے حکومتی کوششوں کو وفد نے سراہا، حکومت کی جاری اصلاحات اور مستحکم معاشی ماحول پیدا کرنے کے عزم کی تعریف بھی کی ۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا، سرمایہ کاری اور پائدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے والی پالیسیوں کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ بھی کیا ۔