ٹویٹر کی بندش کی سینیٹ میں بھی گونج 

Feb 20, 2024 | 12:55 PM

ایک نیوز :گزشتہ تین روز سےپاکستان میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) کی سروس متاثر ہونے سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ملک بھر میں 17 فروری کی شب 9 بجے سے ایکس کی سروس ڈاؤن ہے۔سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد وی پی این کے ذریعے ٹوئٹر تک رسائی حاصل کرنے پر مجبور ہے۔
 اتوار کی شام چار بجے کے قریب ٹویٹر سروس بحال ہوگئی تھی لیکن چھ بجے کے قریب پھر بند ہوگئی، اس کے بعد 10 بجے کے قریب یہ سروس دوبارہ بحال ہوئی لیکن کچھ دیر بعد پھر بند ہوگئی جو تاحال  بند ہے ۔
ٹویٹر کی بندش پر ایوان بالاسینیٹر مشتاق احمد نے آوا زبلند کی اور انہوں نے حکومت سے ٹویٹر کی بحالی کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ  الیکشن کے دن انٹرنیٹ بند کر کے پتہ چل گیا کہ انتخابات میں دھاندلی ہو رہی ہے ، تین دن سے ٹوئٹر بندکیا ہوا ہے ۔دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دال کالی ہے۔سینیٹر مشتاق احمد نےحکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام سوشل میڈیا  فورمز کو فوری طور پر بحال کیا جائے ۔

دوسری جانب  تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کی بندش کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔علی محمد خان نے ایک بیان میں کہا کہ ‏سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کی بندش کو آج چوتھا دن ہے، آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں بطور وکیل خود فاشسٹ حکومت کے اس آمرانہ فعل کوچیلنج کرنے جا رہا ہوں کیونکہ یہ آمریت قابل قبول نہیں ہے۔

علی محمد خان نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی بنیادی انسانی حق ہے، جدید دور میں آمریت کے یہ پچھلی صدی  کے حربے چلنے والے نہیں ہے، انٹرنیٹ یا سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو بند کرنا مسائل کا حل نہیں ہے،  عوام کا مینڈیٹ عوام کو واپس کرنا پڑے گا، عوام تو سچ بولیں گے سچ کو سامنے آنے دو۔

مزیدخبریں