ویب ڈیسک:بولی وڈ کے سینیئر اداکار متھن چکرورتی کی موت کی جھوٹی خبریں وائرل ہوگئیں۔
بھارتی فیکٹ چیک ویب سائٹ کے مطابق ابتدائی طور پر متھن چکرورتی کی موت کی خبریں بعض سوشل میڈیا پوسٹس کے بعد پھیلیں، جن میں جھوٹا دعویٰ کیا گیا کہ اداکار فالج کا شکار ہوکر چل بسے۔
رپورٹ کے مطابق اداکار کی موت کی خبریں جھوٹی ہیں جب کہ اداکار کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا اور اب ان کی حالت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق متھن چکرورتی کو کچھ دن تک ہسپتال میں رکھنے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا تھا اور ان کی صحت بدستور بہتری کی جانب گامزن ہے۔
متھن چکرورتی کو 11 فروری کو ٹانگ اور جسم کے کچھ حصے سن ہوجانے اور سینے میں تکلیف کے باعث ہسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں ان کے ٹیسٹس کے بعد معلوم ہوا تھا کہ انہیں فالج کا اٹیک ہوا ہے۔
اس طرح کے فالج میں عام طور پر دماغ کو خون کی ترسیل کرنے والی شریان متاثر ہوجاتی ہے، جس میں زخم ہوجانے کے بعد خون کی ترسیل درست انداز میں نہیں ہوپاتی۔
متھن چکرورتی کو چند دن قبل ہسپتال میں رکھنے کے بعد انہیں ڈسچارج کیا گیا تھا اور وہ اب روبہ صحت ہیں، بھارتی گلوکار نے ایک روز قبل ان سے گھر میں ملاقات کرنے کی تصویر بھی شیئر کی تھی۔