ایک نیوز : تحریک انصاف کے قافلہ سے مشکوک شخص سے پستول برآمد ہوا ، عمران خان کے گارڈز نے پستول چھین لیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کے قافلے سے مشکوک شخص سے پستول برآمد کرلیا گیا ،جہانزیب نامی شخص کی پی ٹی آئی کارکنوں نے پٹائی کی اور پستول چھین لیا ، جہانزیب سپیشل برانچ کا اہلکار تھا۔جہانزیب مال روڑ پر سول کپڑوں میں ڈیوٹی پر مامور تھا۔
چیئر مین تحریک انصاف عمران خان لاہور ہائی کورٹ حفاظتی ضمانت کیلئے پیش ہونے جارہے ہیں ۔لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کو پیش ہونے کا آخری موقع دیاتھا جس کے بعد عمران خان اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے عدالت کے لیے روانہ ہو گئے۔لاہور ہائی کورٹ نے حفاظتی ضمانت کی درخواست اور وکالت نامے پر دستخط میں فرق کی وضاحت کے لیے عمران خان کو آج 2 بجے طلب کیا تھا۔2 بجےکیس کی سماعت شروع ہوئی تو جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا کہ 2 بجےکا وقت تھا،کہاں ہیں عمران خان؟عمران خان کے وکلا نے بتایا کہ وہ راستے میں ہیں،کچھ دیر میں پہنچ جائیں گے، سکیورٹی کا مسئلہ ہے۔
وقفےکے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست ان کے دستخط سےفائل نہیں ہوئی تھی۔
عدالت نےکہا کہ اگر عمران خان نے یہ درخواست دائر نہیں کی تو واپس کیسے لے سکتے ہیں؟ یہ نہیں ہوتا کہ سماعت تھوڑی تھوڑی دیر بعد ملتوی ہوتی رہے۔
وکیل عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ درخواست خارج کر دیں، اس پر عدالت نے کہا کہ سماعت پھر بھی چلےگی، آپ کا رویہ معذرت خواہانہ ہونا چاہیے تھا، میں آپ کو اظہار وجوہ کا نوٹس دوں گا جواب تیارکرتے رہیں۔