خاتون کے ہاتھوں قیمتی اور نادر مجسمہ گر کر تباہ

خاتون کے ہاتھوں قیمتی اور نادر مجسمہ گر کر تباہ

ایک نیوز: فلوریڈا کے شہر میامی کی آرٹ گیلری میں وزیٹر خاتون کے ہاتھوں لاکھوں روپے کا بالون ڈاگ  نامی مجسمہ گر کر کرچیوں میں تبدیل ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق فلوریڈا کے شہر میامی کی آرٹ گیلری کی جانب سےمخصوص لوگوں کیلئے بلائی گئی نمائش کی افتتاحی رات امریکی پاپ آرٹسٹ جیف کونز کا مشہور بالون ڈاگ   مجسمہ آرٹ کلیکٹر وزیٹر خاتون کے ہاتھوں سے گر کر کرچیوں میں تبدیل ہو گیا۔گیلری کی انتظامیہ کے مطابق خاتون کے ہاتھ لگانے کے باعث گر کر ٹوٹنے والے مجسمے کی مالیت 42 ہزار ڈالرز   یعنی 1 کروڑ 9 لاکھ 36 ہزار 896 روپے تھی۔

نمائش میں مدعو مقامی آرٹسٹ اسٹیفن گمسن کا کہنا تھا کہ ابھی بالون ڈاگ مجسمے کی تعریف کر رہا تھا کہ اچانک ایک بوڑھی خاتون نے مجسمے کو چھونے کی کوشش میں اسے نیچے گراکر توڑ دیا۔انہوں نے کہا کہ انہیں پہلے ایک لمحے کیلئے لگا کہ یہ کوئی کھیل کا حصہ ہے لیکن پھر فوری طور پر احساس ہوا کہ نہیں یہ ایک حادثہ ہو گیا ہے۔مجسمے کی نمائندہ آرٹ ایڈوائیزر بینڈیکٹ کالچ کا کہنا تھا کہ خاتون کیلئے خوش قسمتی کی بات ہے کہ اس مجسمے کی انشورنس کی گئی تھی۔  جیف کونز کے بالون ڈاگ مجسمے عصر حاصر کی مجسمہ سازی کے فن میں نمایاں سمجھے جاتے ہیں اوران کی قیمت کروڑوں ڈالرز  میں ہوتی ہے۔