ایک نیوز: ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کا پارہ مسلسل دوسرے ہفتے بھی ہائی ،حالیہ ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں مزید 0 اعشاریہ 38 فیصد کا اضافہ ہوا، ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی سالانہ شرح 4 اعشاریہ 62 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 15 اشیاء ضروریہ مہنگی،13 سستی ہوئیں، ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو ریکارڈ 76 روپے 46 پیسے مہنگے،فی کلو ٹماٹر کی قیمت ڈبل سینچری کراس، 212 روپے تک پہنچ گئی، ٹماٹر کی فی کلو قیمت اوسطاً قیمت گزشتہ ہفتے 135 روپے تھی، حالیہ ہفتے میں جلانے کی لکڑی فی من 25 روپے سے زائد مہنگی ہوئی، لہسن فی کلو 9 روپے 54 پیسے تک مہنگا ہوا، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 24 روپے 61 پیسے مہنگا ہوا ، چینی فی کلو 31 پیسے مزید مہنگی ہو گئی، ڈالڈا کوکنگ آئل،گھی،صابن،بیف،گڑ بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت 6 روپے تک کم ہوئی، حالیہ ہفتے میں آلو فی کلو 4 روپے 61 پیسے سستے ہوئے، ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 13 روپے 7 پیسے سستا ہوا، انڈے ،چکن ،دال ماش،دال مسور بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں، جبکہ تازہ دودھ،خشک دودھ ،دہی بجلی سمیت 23 اشیاء کے دام مستحکم رہے۔