ایک نیوز:لاہور گارڈن ٹاؤن میں سابق چیف جسٹس کے گھر پر کریکر سے حملہ کرنے کا معاملہ،لاہور سی ٹی ڈی پنجاب نے حملے کی ایف آئی آر کانسٹیبل سجاد حسین کی مدعیت میں درج کرلی۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی آر میں دہشتگردی کی دفعات سیون اے ٹی اے ۔353.427.186.109.اور 34کی دفعات کے تحت درج کرلی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق حملے کے نتیجے میں تین افراد کانسٹیبل عامر علی ۔خرم شہزاداور سجاد حسین زخمی ہوگئے،حملے سے دو گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے،گرنیڈ گیراج اور صحن کے درمیان کھڑی گاڑی پر پھینکا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق جس کے نتیجے گھر میں گاڑی اے ایف ٹی 567اور ہنڈائی اے ڈبل ایل 079کو بھی نقصان پہنچا اور چھید پڑ گئے،حملہ کرنے والوں کا تعلق کسی کالعدم تنظیم سے لگتا ہے،حملہ کے بعد علاقے کی مکمل ناکہ بندی کی گئی تھی،سی ٹی ڈی پنجاب نے تحقیقات شروع کردیں اور موقع سے شواہد اکٹھے کرکے فرانزک بھجوادیے ہیں۔
قبل ازیں ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا سابق چیف جسٹس کی رہائش گاہ احمد بلاک گارڈن ٹاؤن میں ہوا اور دھماکے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب پولیس کے مطابق دھماکا گیراج میں ہوا اور اس وقت ثاقب نثار گھر پر موجود تھے۔
علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی پنجاب نے دھماکے میں زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔
واقعہ کے بعد سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے جبکہ شاہراہ پر آمد و رفت بھی محدود کردی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سابق چیف جسٹس کے اہل خانہ مکمل طور پر محفوظ ہیں جبکہ آئی جی پنجاب کا واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کانسٹیبل عامر اور کانسٹیبل خرم معمولی زخمی ہوئے ہیں اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ایس ایس پی آپریشنز سمیت سینئر پولیس افسران موقع پر موجود ہیں۔
واقعہ کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی جس کے مطابق سابق چیف جسٹس کے گھر ہینڈ گرنیڈ پھینکا گیا اور ہینڈ گرنیڈ سے دو اہلکار زخمی ہوئےہیں جبکہ ثاقب نثار کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔
دریں اثناسابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے مذکورہ واقعہ کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں ڈرنے والا نہیں ہوں اور میرے حوصلے بلند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے میں خیریت سے ہوں، گاڑی تباہ ہوگئی ہے، اور گھر کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں جبکہ دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہیں۔