ایک نیوز: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دورہ اردن کے دوران شاہ عبداللہ دوئم سے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی و پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتِ حال پر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کنگ عبداللہ بن الحسین نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو آرڈر آف دی اسٹار آف جارڈن سے نوازا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اردنی ہم منصب اور فضائیہ کے سربراہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔
واضح رہے کہ ’آرڈر آف دی اسٹار آف جارڈن‘ یا آرڈر آف حسین ابن علی اردن کی خودمختار ریاست کا ایک ایوارڈ اور فوجی اعزازہے۔ جو فوجی یا سول میرٹ پر دیا جاتا ہے۔
شاہ عبداللہ اول نے 22 جون 1949 کو اپنے والد کے اعزاز میں اس کی بنیاد رکھی تھی۔