ایک نیوز: مرکزی ترجمان استحكام پاكستان پارٹی فیاض الحسن چوہان نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نااہل ہونے پر دلچسپ ردعمل دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکی عدالت نے پارلیمنٹ پر حملہ کروانے کے جرم میں ڈونلڈ ٹرمپ کو نااہل قرار دیا ہے۔ پاکستان کا عدالتی سسٹم پاکستانی ڈونلڈ ٹرمپ کو ڈیڑھ سال سے اکیس توپوں کی سلامی پیش کرہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی عدالت کا فیصلہ رول آف لاء کی اعلی مثال ہے۔ امریکی عدالتی سسٹم نے محض ایک مقام پر فتنہ و فساد برپا کرنے پر ٹرمپ کو نااہل قرار دے دیا۔ پاکستان میں نو مئی کو بیسیوں مقامات پر ریاستی اور حکومتی اداروں پر حملہ کیا گیا۔ دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان کی عدالتیں پاکستانی ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق کیا فیصلہ کرتی ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈونلڈ ٹرمپ جیل میں دیسی مرغی، دیسی بکرے، دیسی انڈے اور دیسی گھی سے مستفید ہو رہے ہیں۔ سابق امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے نااہل ہونے پر امریکی میڈیا میں انسانی حقوق کی پامالی کا واویلا نہیں مچایا جارہا ہے۔
اپنے بیان کے اختتام پر انہوں ںے کہا کہ تہذیب یافتہ معاشروں میں ریاست ہی ریڈ لائن اور اول وآخر مقدم ہوتی ہے۔