جےیوآئی کا الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا دورانیہ بڑھانے کا مطالبہ

جےیوآئی کا الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا دورانیہ بڑھانے کا مطالبہ
کیپشن: JUI demands the Election Commission to extend the period for receipt of nomination papers

ایک نیوز: جمیعت علمائے اسلام نے الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی کی وصولی کے دن بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔ اس حوالے سے جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کا شیڈول جاری کیا گیا۔ سیاسی جماعتوں نے انتخابات کیلئے قومی اور صوبائی سطح پر امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ تقسیم کرنے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی وصولی کیلئے تین دن کا اضافہ کیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کے وقت کو 7 دن سے کم کر کے چار دن کیا جاسکتا ہے۔ سکروٹنی کا وقت کم کرنے سے پولنگ 8 فروری کو کرانا ممکن ہوگا۔ جے یو آئی کو انتخابات کی تاریخ اور دیگر الیکشن شیڈول کے مراحل پر کوئی اعتراض نہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 58 کے تحت الیکشن کمیشن شیڈول کے اندر ردوبدل کرسکتا ہے۔ کاغذات نامزدگی کے وقت میں اضافہ جے یو آئی کیلئے بطور سیاسی جماعت باعث اطمینان ہوگا۔ کاغذات نامزدگی کا وقت بڑھانے سے سیاسی جماعتوں کو بہتر امیدواروں کے چناؤ میں آسانی ہوگی۔