توشہ خانہ گاڑیاں ریفرنس:4جنوری تک نیب سےرپورٹ طلب

Dec 20, 2023 | 11:11 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: اسلام آباد کی احتساب عدالت میں توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس پر سماعت ہوئی، عدالت نے چار جنوری تک نیب سے رپورٹ طلب کرلی۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بدھ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نواز شریف، آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی انتخابی مہم میں ہونے کی وجہ سے پیش نہ ہوئے، انہوں نے آج کی حاضری سے استثنیٰ مانگ لیا۔

دورانِ سماعت نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ برآمدگی کا نوٹس کردیں اور آئندہ سماعت پر دیکھ لیں، 6 متفرق درخواستیں ہیں ان کو بھی سن لیں۔

وکیل قاضی مصباح نے بتایا کہ نواز شریف شامل تفتیش ہوگئے ہیں، تفتیش کی روشنی میں نیب نے آج رپورٹ جمع کروانی تھی۔

جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابھی تفتیشی افسر کو رپورٹ جمع کروانے کے لیے وقت درکار ہے،تفتیشی افسر کا تبادلہ ہوگیا تھا ڈائریکٹر بھی تبدیل ہوئے ہیں۔

نیب پراسکیوٹر نے عدالت کو کہا کہ آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر آجائیں گے، آئندہ سماعت پر رپورٹ بھی جمع کروادیں گے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ 4دن میں جواب جمع کروا دیں۔

 نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ 4 دن رپورٹ جمع کروانے کے لیے کافی نہیں ہیں۔

عدالت نے 4 جنوری تک نیب سے رپورٹ طلب کرلی۔

مزیدخبریں