ایک نیوز:شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے تاہم آج دن میں موسم خشک اور درجہ حرارت معمول سے کم ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی درجہ حرارت مزید گر گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج موسم خشک رہے گا جبکہ دن میں درجہ حرارت معمول سے کم ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا آج کم سے کم درجہ حرارت 14.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس وقت 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے شمال مشرقی ہوا چل رہی ہے، البتہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
اس کے علاوہ بہاولپور، ساہیوال، سرگودھا، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال، ملتان خان پور، رحیم یار خان، سیالکوٹ، حافظ آباد، گجرات، منڈی بہاؤالدین، جہلم، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور گردو نواح میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند و اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا،شمالی اضلاع میں شدید سرد اور مغربی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا،پنجاب ، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں دھند کی لپیٹ میں رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند / سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے،اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا،مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا،بلوچستان کے شمالی اورمغربی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا،گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا،کشمیرمیں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا،کشمیر میں صبح کے اوقات میں بعض مقامات پرکہر اپڑنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے رواں ماہ سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا تھا اور بتایا تھا کہ ملک بھر میں 15 دسمبر سے سرد ہوائیں پاکستان کا رخ کریں گی جس کے باعث کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ اور درجہ حرارت گرنے کا امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ شہر میں 10 روز کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران شہر میں شمال مشرق سے چلنے والی ہوا کے باعث شہر کا فضائی معیار متاثر رہے گا تاہم آئندہ 10 دنوں میں شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار اویس حیدر کے مطابق کراچی میں دن کے اوقات میں ہوا میں نمی 50 سے 60 فیصد تک رہے گی۔