ایک نیوز: چین، پاکستان، ایران سہ فریقی تعلقات پر مبنی کتاب کی تقریب رونمائی کی گئی۔ ماہرین تعلیم نےکتاب پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقررین نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے مصنف کی بصیرت اور دور اندیشی کا بھی اعتراف کیا۔
تفصیلات کے مطابق مصنف رضا علی خان کی کتاب "بدلتی ہوئی دنیا میں چین پاکستان ایران کے سہ فریقی تعلقات"کی تقریب رونمائی نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف تھنک ٹینکس، ماہرین تعلیم، سول وملٹری افسران اور مختلف یونیورسٹیز کے طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران ماہرین تعلیم نے کتاب پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر محمد خان چیئرمین شعبہ سیاست و بین الاقوامی تعلقات نے مصنف کی علمی جستجو کو سراہا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے مصنف کی بصیرت اور دور اندیشی کا بھی اعتراف کیا۔
ڈاکٹر آمنہ محمود نے مصنف کے علمی تحقیقی کام کو مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر محمد ریاض شاد نے مصنف کی علمی کاوشوں اور کتاب کے سماجی تناظرکوسراہا۔ ڈاکٹر محمد طارق نیازی نے مصنف کی سابقہ دو کتابوں کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی علمی جستجو کے سفر کو سراہا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ سہ فریقی تعلق اس خطے کیلئے جغرافیائی سیاسی گیم چینجر ہے۔
تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی سفیر سہیل محمود ڈی جی آئی ایس ایس آئی نے کتاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مصنف نے سہ فریقی تعاون کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا ہے۔