ایک نیوز نیوز : ایم کیو ایم کے سیاسی دھڑوں کو ایک کرنے کے لئے بڑا بریک تھرو،ایم کیو ایم پاکستان، پاک سرزمین پارٹی اور فاروق ستار کے درمیان سیاسی اتحاد کا فارمولا طے ہوگیا۔
تفصیلات کےمطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی کاوشوں کے بعد ایم کیو ایم پاکستان، پاک سرزمین پارٹی اور فاروق ستار کے درمیان دوریاں مٹنے لگیں ۔ذرائع کے مطابق دونوں سیاسی جماعتوں درمیان ماضی کو بھلا کر مستقبل میں ساتھ چلنے پر اتفاق ہوگیا۔جلد دونوں جماعتوں کے قائد وں میں ملاقات کا امکان بھی ہے۔ذرائع کے مطابق خالد مقبول صدیقی ایم کیو ایم کی سینئر قیادت سے مشاورت کررہے ہیں جبکہ پی ایس پی کی اعلی قیادت نے بھی اپنے رہنماوں اور کارکنان کو اعتماد میں لینا شروع کردیا۔
ذرائع کےمطابق بلدیاتی انتخابات سے قبل اتحاد ہونے کا امکان ہے، مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کارکن کی حیثیت سے ایم کیو ایم کی واپسی کا امکان ہے ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی تمام سابقہ رہنماؤں کو واپس ایم کیو ایم میں لانے کے لئے متحرک ہیں۔
ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کے ذریعے فاروق ستار سے بھی رابطہ کیا گیا ہے اور ان کو بھی ساتھ لے کر چلنے پر بات جاری ہے تاہم تینوں فریقوں کی جانب سے خالد مقبول صدیقی کی قیادت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے اور اس بات پر بھی اتفاق ہوا ہے پارٹی کا نام ایم کیو ایم پاکستان انتخابی نشان پتنگ ہی رہے گا۔