بھارت فورسز نے مزید 3 کشمیری نوجوان شہید کر دیئے، حریت رہنمائوں کی مذمت

Dec 20, 2022 | 16:23 PM

ایک نیوز نیوز: غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز نے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فورسز نے شوپیاں کا محاصرہ کرلیا اور گھر گھر تلاشی کے بہانے لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ بھارتی فوجیوں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کو بھی ہراساں کیا۔

بھارتی فورسزنے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 3 نہتے نوجوانوں کو شہید کردیا۔ لوگوں کو بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے خلاف احتجاج سے روکنے کے لیے شوپیاں اور قریبی علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی گئی۔

 بھارتی فوجیوں نے شوپیاں کا تاحال محاصرہ کررکھا ہے اور کسی کو بھی گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں  ضلع شوپیاں کے علاقے مونجھ مرگ میں شہید ہونے والے تین نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے  کہا کہ بھارتی قابض فورسز کی طرف سے ”پکڑو اور مارو“ کی پالیسی کو دوبارہ شروع کرنے پر شدید تشویش ہے۔  انہوں نے کہا کہ فسطائی مودی حکومت کشمیریوںکو حق پر مبنی تحریک آزادی سے دستبردار ہونے پر مجبور کرنے کیلئے ہر وحشیانہ ہتھکنڈہ استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے عظیم شہداءکے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔

مزیدخبریں