گورنر کی ایڈوائس مسترد، پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعے تک ملتوی

Dec 20, 2022 | 19:46 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز نیوز:پی ڈی ایم کے تین بڑوں  آصف زرداری ،نوازشریف اور  چودھری شجاعت کی ساری پلاننگ دھری کی دھری ، اسپیکر  سبطین خان نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس جمعے تک ملتوی کردیا۔

واضح رہے کہ اسپیکر سبطین خان   نے گورنر کے حکم پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل بروز بدھ کو بلانے سے انکار کردیاہے۔ جبکہ دوسری جانب عمران خان کی ہدایت پرپرویز الہیٰ  پنجاب اسمبلی توڑنے کی دستخط شدہ ایڈوائس جمعے کو ہی گورنر پنجاب کو بھجوائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس 4 گھنٹے 23 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا ۔ کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی  کرنے پر اجلاس کی کارروائی پہلے 5 منٹ اور دوسری دفعہ  15منٹ کے لیے روکی گئی مگر اراکین کی تعداد پوری نہ ہونے پر سپیکر نے ایجنڈے پر موجود تمام کارروائی کو جمعہ تک کےلئے موخر کردیا۔ اسپیکر  نے رولنگ  دی کہ آج کی کارروائی ختم ہو گئی لہذا جمعہ تک اجلاس ملتوی کیاجاتاہے۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس اب اسپیکرسبطین خان کی زیرصدارت  جمعہ کی دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔ 

قبل ازیں  اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سبطین خان نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 2 سے 3 ہفتے  کیلئے ملتوی کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

رانا ثنااللہ کی جانب سے ایوان وزیراعلیٰ کو سیل کرنے کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے اسپیکر سبطین خان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ اسمبلی سیل کرکے دکھائیں۔گورنر کا لیٹر ہی متنازعہ ہے تو  ایوان وزیراعلیٰ کو کیسے بند کرسکتے ہیں ؟ آپ جو مرضی کہیں، ہم نے قانون کے مطابق چلنا ہے۔آج ہم شاید اجلاس 2 سے 3 ہفتے کیلئے ملتوی کردیں۔

سبطین خان نے مزید کہاتحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی جماعت اور ق لیگ کی اتحادی ہے۔  13 جماعتیں ساتھ چل سکتی ہیں تو ہم 2 جماعتیں کیوں نہیں ؟ 

قبل ازیں  سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کے طلب کردہ اجلاس کو غیر قانونی قرار دے دیا تھا۔ 

اسپیکر سبطین خان نے گورنر کے طلب کردہ اجلاس کا پنجاب اسمبلی کی جانب سے گزٹ نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا ہے کہ پہلے ہی اجلاس چل رہا ہے۔ گورنر کے طلب کردہ اجلاس کو درست نہیں سمجھتا، ایک وقت میں جب اجلاس چل رہا ہو تو نیا اجلاس نہیں بلایا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ اجلاس سپیکر کا طلب کردہ ہے جسے گورنر ختم نہیں کرسکتا، اگر حکومت کا بزنس ہوا تو کل بھی پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہو گا، گورنر کے طلب کردہ اجلاس کا اسمبلی سیکرٹریٹ گزٹ نوٹیفیکیشن جاری نہیں کرے گا۔

مزیدخبریں